ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل انجمن طالبات کا یونیورسٹی رینک پانے کا سلسلہ جاری؛ کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ میں نجدہ ایکیری کو ملا فرسٹ رینک

بھٹکل انجمن طالبات کا یونیورسٹی رینک پانے کا سلسلہ جاری؛ کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ میں نجدہ ایکیری کو ملا فرسٹ رینک

Fri, 23 Aug 2024 21:01:35    S.O. News Service

بھٹکل23/اگست (ایس او نیوز) : انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے ماتحت چلنے والے کالجز کی طالبات کا یونیورسٹی سطح پر رینک حاصل کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اس بار انجمن  انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر ایپلیکیشنز (AIMCA) کی طالبہ نجدہ ایکیری نے کرناٹک یونیورسٹی، دھارواڑ میں بیچلر آف کمپیوٹر ایپلیکیشنز (BCA) میں فرسٹ رینک حاصل کر کے انجمن کالج کا نام پوری ریاست میں روشن کردیا ہے۔

AIMCA کے پرنسپل محمد محسن نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مبین احمد ایکیری اور نصرت جہاں کی بیٹی نجدہ ایکیری نے اپنے تین سالہ BCA کورس کے دوران قرآن مجید کو بھی حفظ کرکے ایک شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق نجدہ نے 3700 نمبروں میں سے 3421 نمبر حاصل کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی کامیابی کی شرح 92.46 فیصد رہی۔ بی سی اے کے امتحانات اگست-ستمبر 2023 میں ہوئے تھے۔

پتہ چلا ہے کہ بھٹکل انجمن کی طالبہ نجدہ نے جہاں دھارواڑ یونیورسٹی میں فرسٹ رینک حاصل کیا، وہیں بھٹکل شری گروسدھیندرا بی سی اے کالج کی طالبہ دیکشاناگپّا کھاروی نے یونیورسٹی لیول پر تیسرے رینک سے کامیابی پائی ہے، جس کی کامیابی کا اوسط 91.73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی کا دوسرا رینک ہبلی کے گلوبل کالج آف کمپیوٹر ایپلیکیشنز کی طالبہ شانتلا رائے باغ کو ملا ہے، جن کی کامیابی کی شرح 92.27 فیصد درج کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پچاس سے زائد بی سی اے کالجز کرناٹکا یونیورسٹی دھارواڑ سے ملحق ہیں، اور ان تمام کالجز کے طلبہ میں سے بھٹکل انجمن کی طالبہ کا فرسٹ رینک حاصل کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ ایسے میں عصری تعلیم کے ساتھ قرآن مجید کا حفظ کرنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

اس شاندار کامیابی پر انجمن حامئی مسلمین کی انتظامیہ، کالج کے پرنسپل اور دیگر اسٹاف نے نجدہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔


Share: